ضلعی انتظامیہ کی کاروائیاں، فلور ملوں پر چھاپے

ضلعی انتظامیہ کی کاروائیاں، فلور ملوں پر چھاپے

  



پشاور(سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ پشاور نے ناگمان اور کوہاٹ روڈ پر کاروائی کر تے ہوئے سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کر نے پر دو فلور ملوں کو سیل کر دیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم)ڈاکٹر احتشام الحق نے چارسدہ روڈ پر ناگمان کے علاقے میں فہد فلور مل کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر(صدر) حبیب اللہ نے کوہاٹ روڈ پر مہمند فلور مل کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران دونوں فلور ملوں میں سرکاری آٹے کو سرکاری آٹے کی بوریاں کے علاوہ دیگر بوریوں میں ڈالا گیا تھا۔ جس پر افسران نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے دونوں فلور ملوں کا سرکاری گندم کا کوٹہ منسوخ کرتے ہوئے ملوں کو سیل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق ان کو اطلاع ملی تھی کہ چند ملیں سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کر رہی ہیں جس پر کاروائی کر کے ان ملوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ ان کا سرکاری گندم کا کوٹہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشاور کی تمام فلور ملز کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں اور اگر کوئی سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کر تے ہوئے پایا جائے تو اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر