سعودی عرب کیلئے پی آئی اے کا 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان

سعودی عرب کیلئے پی آئی اے کا 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان

  



لاہور (ڈویلپمنٹ سیل)سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے 3خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر دیا، جن کے ذریعے پا کستانی شہریوں کو واپس لایا اور یہاں سے سعودی عرب پہنچایا جائیگا۔ پی آئی اے نے پاکستانیوں کی سعودی عرب روانگی اور واپسی کیلئے ہنگا می انتظام کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس سلسلے میں پہلی پرواز اسلام آباد سے جدہ، دوسری پرواز ہفتے کو کراچی سے مدینہ منورہ جبکہ تیسر ی پرواز ہفتے ہی کو کراچی سے جدہ روانہ ہوگی، سعودی عرب سے واپسی کیلئے مزید پروازیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں۔خیال رہے پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنیوالے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری یا اقا متی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کیلئے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت وہ افراد جو سعودی شہری ہیں یا اقامہ ویزہ رکھتے ہیں وہ افراد 72 گھنٹوں کے اندر سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں اور یہ مدت اتوار 15مارچ 2020 سہ پہر 3 بجے ختم ہو جائیگی۔ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے قومی ایئر لائن اپنے مسافروں کو سعودی عرب لے جانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور سعودی عرب کا اقامتی ویزہ رکھنے والے پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچانے کیلئے معمول کی پروازوں کے علاوہ پا کستا ن کے مختلف شہروں سے اضافی پروازیں چلانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔دریں اثنا پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔

خصوصی پروازیں

مزید : صفحہ آخر /رائے