قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے، صدر مملکت

قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے، صدر مملکت

  



اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قطر کے سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان قطر کے ساتھ برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو ایک مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ کراچی اور حمد بندرگاہوں کے درمیان براہ راست رابطے اور پاکستان کے لئے قطری فوڈ مارکیٹ تک رسائی کے بعد باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ قطر پاکستان میں سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔صدر نے افغان امن مذاکرات کی میزبانی اور تعاون میں قطر کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید کا اظہارکیاکہ تمام فریقین اس معاہدے کی پاسداری کریں گے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو حقیقت میں بدل دیں گے۔ صدر مملکت نے قطری سفیر کوبھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھی آگاہ کیا اور او آئی سی سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں اقلیتوں کے تحفظ میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر مبارکباد پیش کی۔صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

صدر مملکت

مزید : صفحہ آخر /رائے