”پنجاب کلچر ڈے‘ کے حوالے سے پِلاک میں تقریب کا اہتمام
لاہور(فلم رپورٹر)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت، پنجاب کی سفارش پر حکومت پنجاب نے 14 مارچ کو بطور ”پنجاب کلچر ڈے“ سرکاری سطح پر منانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دن ہر سال پورے پنجاب میں روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا جس کے لئے پنجاب کی تمام آرٹس کونسلوں اور ضلعی حکومتوں کو احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ”پنجاب کلچر ڈے“ کے حوالے سے پِلاک میں افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں باجے اور ڈھول کی تھاپ پر پنجابی گانوں کی دھنیں بجائی گئیں اور پنجاب کا روایتی ثقافتی لباس پہنے ہوئے شرکاء نے بھنگڑا ڈالا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پِلاک ہمیشہ ایسے اقدامات کرتا ہے جس سے پنجاب کی زبان اور ثقافت کو فروغ مل سکے۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب جناب عثمان بزدار اور سیکرٹری اطلاعات و ثقافت، پنجاب راجہ جہانگیر انور کے بے حد ممنون ہیں جنہوں نے ہماری سفارش پر پنجاب کے فن و ثقافت کے فروغ کے لئے ”پنجاب کلچر ڈے“ سرکاری سطح پر منانے کا تاریخی فیصلہ کر کے پنجاب کی عوام کو اپنی ثقافت سے محبت کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پِلاک نے ”پنجاب کلچر ڈے“ منانے کے لئے الحمراء ہال نمبر I میں 14 مارچ 2020ء کو 6 بجے ایک ثقافتی شو کا اہتمام کیا ہے جس میں نامور لوک گلوکار عطاء اللہ عیسی خیلوی، فضل عباس جٹ، تحسین سکینہ و دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے روایتی رقص بھنگڑا، جھومر، دھریس و دیگر بھی پیش کئے جائیں گے۔