ہوٹل اور ٹریول آئی سافٹ وئیر کی مدد سے 47 افراد گرفتار

  ہوٹل اور ٹریول آئی سافٹ وئیر کی مدد سے 47 افراد گرفتار

  



لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے سافٹ وئیر ’ہوٹل آئی‘ اور ’ٹریول آئی‘ کی مدد سے ڈھائی ماہ کے دوران 47 مطلوب افراد کو گرفتار کیا گیا۔ صرف مارچ میں 33 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ 554 ہوٹلز، 887 گیسٹ ہاوسز، ہوسٹلز اور 140 فیکٹریز کی مانیٹرنگ کی گئی۔ کینٹ ڈویڑن نے ایک ملزم، سٹی ڈویڑن نے 18، سول لائنز12، اقبال ٹاؤن 4، ماڈل ٹاون9 اور صدر ڈویڑن نے 23 ملزموں کو پکڑا۔

اسی طرح 65 ہزار کرایہ داروں اور 46 ہزار گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن کی گئی۔

کرایہ داروں کی رجسٹریشن کے نظام (ٹی آر ایس) کے ذریعے 17 مطلوب افراد کو پکڑا گیا۔ کینٹ ڈویڑن نے 862 گھریلو ملازمین، 10900 کرایہ داروں، سٹی ڈویڑن نے1626 گھریلو ملازمین، 6909 کرایہ داروں، سول لائنز ڈویڑن نے 132 گھریلو ملازمین، 3408 کرایہ داروں، اقبال ٹاون ڈویڑن نے 621 گھریلو ملازمین، 5151 کرایہ داروں، ماڈل ٹا?ن ڈویڑن نے 524 گھریلو ملازمین، 20412 کرایہ داروں جبکہ صدر ڈویڑن نے اڑھائی ماہ کے دوران 526 گھریلو ملازمین اور 18149 کرایہ داروں کو رجسٹر کیا۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے ’ہوٹل آئی‘ اور ’ٹریول آئی‘ کی افادیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے تمام ڈویڑنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ مشکوک یا مطلوب افراد کے بارے میں الرٹ آنے کے فوراً بعد کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔ سافٹ وئیرز کی مدد سے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت انتہائی مشکل بنا دی جائے گی۔

مزید : علاقائی