حکومت کا کفالت پروگرام کے تحت خواتین کوسمارٹ موبائل فون دینے کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت نے کفالت پروگرام کے تحت خواتین کوآن لائن معاونت کیلئے سمارٹ موبائل فون دینے کا اعلان کر دیا، وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا ہے کہ کفالت پروگرام کے تحت خواتین کوآن لائن معاونت دی جا رہی ہے، خواتین کو سمار ٹ فون دیے جائیں گے۔ جمعہ کو گرلز ایجوکیشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت خواتین کی سماجی ترقی کے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، صحت کے شعبہ میں بھی فاصلہ زیادہ ہے، حکومت نے پالیسی میکنگ کیلئے اعدادوشمار جمع کرنے کا پہلا کام کیا، احساس پروگرام میں خواتین کیلئے 50فیصد کوٹہ رکھا ہے، 50فیصدسکالرشپ خواتین کو دی جائیں گی۔ وسیلہ تعلیم کے تحت پرائمر ی تعلیم میں خواتین کو برابر کا حصہ دیا ہے، خواتین کی جبری مشقت کے خاتمے کیلئے سندھ اور پنجاب کیساتھ مل کر قانون سازی کررہے ہیں او ر خاندانی منصوبہ بندی کیلئے ٹاسک فورس بنائی ہے، پاکستان میں ایک خاتون کے دس دس بچے ہوتے ہیں، بچوں میں اضافہ معیشت اور خود خواتین کیلئے نقصان دہ ہے۔ثانیہ نشتر کا مزید کہنا تھا احساس پروگرام کے تحت نجی شعبے کوبھی ساتھ ملا رہے ہیں، پروگرام پر کرونا کا معاملہ ختم ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائیگا۔
حکومت اعلان