گندم خریداری مہم کے ذریعے صوبہ کو اناج گھر بنائیں گے،سعید الحسن

      گندم خریداری مہم کے ذریعے صوبہ کو اناج گھر بنائیں گے،سعید الحسن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (فلم رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ کو اناج گھر بنانے کیلئے گندم خریداری مہم 2020-21 ء کی منظوری دے دی ہے اور گندم کی امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کسانو ں اور کاشتکاروں کو ان کی کاشت کردہ فصلوں کا بہتر معاوضہ دینے اور انہیں معاشرے کا اہم ستون بنانے کیلئے اہم اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں گندم کی خریداری کا ہدف 45 لاکھ میٹرک ٹن مقررکیا گیا ہے،کاشتکاروں کو گندم خریداری سینٹرز پر باردانہ پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر ملے گا، جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گندم خریداری مہم رواں ماہ کے آخر میں شروع کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزراء گندم خریداری مہم کی نگرانی خود کریں گے، صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم خریداری کے ہدف کا حصول یقینی بنائے،کابینہ کمیٹی گندم خریداری مہم کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لے گی اورضرورت پڑنے پر گندم خریداری مہم پر نظرثانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح رواں برس بھی گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اورچھوٹے کاشتکار کے حقوق کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اسی طرح کا شتکاروں کو ان کی کاشت کردہ گندم کی فصل کامقررہ معاوضہ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ با ردانہ کی تقسیم کا عمل نہایت شفاف او رمنصفانہ طریقہ سے ہو گا جبکہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔