سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ جمہوریت مخالف طرز عمل ہے،حامد رضا

  سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ جمہوریت مخالف طرز عمل ہے،حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں توڑ پھوڑ جمہوریت مخالف طرزعمل ہے۔ لوٹوں کی سیاست کو دفن کرنا ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر کو ملک میں واپس آنا چاہئے۔ قوم حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس ہے۔ افغان امن معاہدہ پر عمل نہ ہوا تو افغانستان میں نئی خانہ جنگی شروع ہو جائے گی۔ دوحہ معاہدہ کی پاسداری فریقین پر لازم ہے۔ ونگ کمانڈر نعمان شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ بہاولپور میں جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ حکومت سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے۔ کرونا وائرس کی آڑ میں عمرہ پر پابندی قابل مذمت ہے۔ مکہ اور مدینہ میں بیماری نہیں شفا ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔ بھارت میں مسلمان سخت اذیت سے دوچار ہیں۔ عالمی برادری ہندو انتہا پسندی کا نوٹس لے اور بھارتی مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں کئی ماہ سے جاری کرفیو ختم نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ امت مسلمہ قیادت کے فقدان کی وجہ سے ناانصافیوں کا شکار ہے۔ بھارت افغان امن معاہدہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کر کے عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔