پنجاب یونیورسٹی شعبہ شماریات کی سوشل میڈیا کے موثر استعمال پر پینل ڈسکشن

  پنجاب یونیورسٹی شعبہ شماریات کی سوشل میڈیا کے موثر استعمال پر پینل ڈسکشن

  



لاہور (سٹی رپورٹر) شعبہ شماریات پنجاب یونیورسٹی اور آئیڈیا پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کے مابین امن کے فروغ کے لئے سوشل میڈیا کے موثر استعمال کے موضوع پر پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ پینل میں شریک طالب علم اکرام اللہ نے دوران گفتگو سوشل میڈیا پر موجود نفرت انگیز مواد اور خواتین کے خلاف جنسی ہراسانی سمیت چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حکومتی اور ریاستی اداروں کی جانب سے کی گئی۔ قانون سازی کے موثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ پینل میں شریک فضیلہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے صارفین غیر سنجیدہ اور جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ممکنہ منفی اثرات سے بچنے کی کوشش کریں۔ پینلسٹ نمرہ اسلم نے دوران گفتگو اس امر پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تفریح اور رابطہ کاری کے ساتھ ساتھ جمہوری رویوں کے فروغ کے لئے بھی استعمال کرنا چاہئے۔ پینلسٹ رمیشہ نور الاسلام نے سوشل میڈیا پر موجود نفرت انگیزی اور شرپسندی کے مقابلہ کرنے کے لئے تحمل، برداشت اور رواداری کا مظاہرہ بھی کرنا چاہئے اور اختلاف رائے کے حق کا احترام کرتے ہوئے دلیل کا استعمال ہونا چاہئے نہ کہ عدم برداشت کا۔ پینل ڈسکشن کے آخر میں پینل میں شامل سٹوڈنٹس نے سوشل میڈیا سے متعلقہ سوالوں کے جواب دیئے۔ تقریب کے آخر میں پینل میں شریک سٹوڈنٹس کو سوونیئرز بھی دیئے گئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1