کرونا، آسٹریلین گراں پری موٹر ریس منسوخ

  کرونا، آسٹریلین گراں پری موٹر ریس منسوخ

  



میلبورن (اے پی پی) آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں (کل) اتوار سے شروع ہونے والی آسٹریلین گراں پری موٹر ریسمیک لارن ٹیم کے ایک ممبر میں کورونا وائرس کا مثبت تجربہ آنے کے بعد منسوخ کر دی گئی ہے تاہم 8 گھنٹے گزرنے کے باوجود اس کا باضابطہ طور پر سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ فیصلہ جمعہ کی علی الصبح کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی موٹر ریسنگ ٹیم میک لارن کے مطابق ٹیم کے 14 ممبران کو وائرس سے متاثرہ ملازم سے قریبی رابطے کے باعث 14 دن کیلئے ہوٹل میں قائم قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد بحرین میں آئندہ ہفتے ہونے والی گرینڈ پری ایف ون سیزن کے باقی حصوں کا انعقاد بھی مشکوک ہو گیا ہے۔ مرسڈیز کی جانب سے ریس کی منسوخی کیلئے لکھے گئے خط بھیجنے کے بعد اس امر کی تصدیق ہوگئی۔ خط میں مرسڈیز کا کہنا تھا کہ ریس منصوبہ بندی کے مطابق آگے نہیں بڑھ سکتی کیونکہ ہمارے لئے ٹیم ممبران کی جسمانی وذہنی صحت اور تندرستی قطعی ترجیح ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم محسوس نہیں کرتے کہ اس ایونٹ میں حصہ لینے کی صورت میں ہمارے ملازمین کی حفاظت کی ضمانت دی جاسکتی تھی۔ بیان کے مطابق ٹیموں کی اکثریت نے ریس کا انعقاد ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی۔ واضح رہے کہ میلبورن، وکٹوریہ میں البرٹ پارک سرکٹ پر منعقد کی جانے والی تاریخ کی 85 ویں آسٹریلین گراں پری ریس میں دنیا کے نامور ڈرائیورز نے شرکت کرنا تھی اور اس میں فن لینڈ کے مرسڈیز موٹر ڈرائیور والٹرری وکٹر بوٹاس نے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی