برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرپر پیش کردہ تحریک بحث کیلئے منظور

برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیرپر پیش کردہ تحریک بحث کیلئے منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن(این این آئی)برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے قائم ”کل جماعتی پارلیمانی گروپ“ نے کشمیر پر بحث کیلئے پارلیمنٹ میں تحریک پیش کر دی۔ پارلیمنٹ نے گروپ کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہیم کی طرف سے پیش کی گئی تحریک منظور کرتے ہوئے اس پر بحث کیلئے 26 مارچ کی تاریخ مقرر کر لی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق، بحث کا موضوع ”کشمیر میں انسانی حقوق“ ہو گا۔ یاد رہے برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے وفد نے گذشتہ ماہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا ایک ہفتے کا دورہ کیا تھا۔ پارلیمانی وفد نے دورے کی رپور ٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے علاوہ پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے بحث کیلئے اب تحریک بھی پیش کی ہے۔ 26 مارچ کو برطانوی ارکان پارلیمنٹ اس تحریک پر تین گھنٹے کی بحث میں حصہ لیں گے۔واضح رہے برطانوی پارلیمنٹ میں اس سے قبل بھی تین مرتبہ کشمیر کے حوالے سے بحث ہو چکی ہے جن میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے پر زور دیا گیا۔دریں اثنا جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل اور دیگر کشمیری تنظیموں کے رہنماؤں اورکشمیری و پاکستانی تارکین وطن نے برطانوی پارلیمنٹ میں 26مارچ کو کشمیر پر ہونے والی بحث کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال میں یہ اقدام ناگزیر تھا۔ انہوں نے بحث کیلئے تحریک پیش کرنیوالے پارلیمنٹری کشمیر گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم اور گروپ کے دیگر ارکان کا اسکے لیے شکریہ ادا کیا۔ کشمیری تنظیموں کے رہنماؤں نے تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کر کے ان پر زور دیں کہ وہ 26مارچ کو ہونے والی اس بحث میں حصہ لیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا ساتھ دیں۔
کشمیر تحریک پیش

مزید :

صفحہ اول -