فیصل آباد میں 6لاکھ 74ہزار 700ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت مکمل

فیصل آباد میں 6لاکھ 74ہزار 700ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت مکمل

  



فیصل آباد (اے پی پی) فیصل آباد میں 6لاکھ 74ہزار 700ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت مکمل کر لی گئی ہے جہاں سے ایک لاکھ 75ہزار 25 ٹن گندم کی پیداوار حاصل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمود نے جمعہ کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت کی ترجیحات میں کاشتکاروں کی خوشحالی سرِفہرست ہے

یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تمام فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے قومی سطح پر300 ارب روپے کی خطیررقم خرچ کی جارہی ہے نیز اس ضمن میں قومی منصوبہ کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے 12ارب 54کروڑروپے کی رقم کے اخراجات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

جس کا مقصد ملکی ضروریات کیلئے گندم کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی پیداوار کی برآمد بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے جن زرعی منصوبہ جات پر عمل جاری ہے ان کی تکمیل تک شب وروز کام جاری رہے گا جس کیلئے ہر لحاظ سے محکمہ زراعت کی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ کوشاں ہے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کی آمدن اور فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ محکمہ زراعت کی اولین ترجیح ہے نیز زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور دورحاضر کے چیلنجز سے نمٹنا موجودہ حکومت کی ترجحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو گندم کی بجائی پرتصدیق شدہ بیج سبسڈی پر فراہم کیا جبکہ زرعی مشینری و آلات اور کھادوں پربھی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے جس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی اور مقابلہ بازی کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے ضلعی و صوبائی سطح پرگندم کے پیداواری مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں ٹریکٹرز، زرعی آلات اور دیگر مشینری سمیت نقد انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

مزید : کامرس