قائد اعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب کے انتظامات مکمل
لاہور(پ ر)لاہور شیخوپورہ روڈ پر بننے والے قائد اعظم بزنس پارک کی افتتاحی تقریب کے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں واضح رہے کہ بزنس پارک کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان عمران خان رواں مہینہ کے آخری ہفتہ میں کریں گے۔اس سلسلہ میں قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری محکمہ صنعت و تجات کیپٹن(ر) ظفر اقبال نے کی۔ اجلاس میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(پڈمک) جو کہ قائد اعظم بزنس پارک کی تعمیر کر رہی ہے کہ چئیرمین سید نبیل ہاشمی نے بتایا کہ 300سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی انڈسٹریل اداروں جن میں ملٹی انیشنل کمپنیاں بھی شامل ہیں نے قائد اعظم بزنس پارک میں سرمایہ کاری کیلئے رابطے کئے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ ابتدائی طور پر دو سے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ سٹیٹ آف دی آرٹ پارک میں سرمایہ کاروں کو صنعتی یونٹس لگانے کی تمام تر سہولتیں ون ونڈو آپریشن کے تحت فراہم ہوں گی۔اس ضمن میں پڈمک کے چیئرمین سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک میں قائم ہونے والے صنعتی یونٹس کیلئے بجلی اور گیس کی فراہمی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ بزنس پارک میں پہلے ہی 1.2میگا واٹ بجلی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ صنعتی یونٹس کو پیداواری سرگرمیاں شروع کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نبیل ہاشمی نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی بزنس پارک اور پڈمک کے تحت بننے والی چار انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دلانے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے روزگار کی فراہمی کے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عملدآمد میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔ محکمہ صنعت و تجارت کے صوبائی سیکرٹری کیپٹن(ر) ظفر اقبال نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پار ک میں نئی صنعتکاری کیلئے پنجاب حکومت پڈمک سے بھرپور تعاون کر رہی ہے تاکہ صوبہ پنجاب میں بننے والے اس بزنس پارک کو پورے ملک کیلئے رول ماڈل بنایا جاسکے۔