محکمہ ایکسائز کی کارروائی،اے ایس آئی شراب سمیت گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم میں کراچی ایکسائز پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسر خواجہ وسیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کورنگی نمبر - 4 نزد زو ہاؤس (چڑیا گھر) سے ایک مشکوک کار ہنڈا سٹی نمبر- اے جے ایل - 405 کی تلاشی کے دوران شراب کے چار کارٹن برآمد کرلئے۔ ملزم شاہد محمود پولیس میں اے ایس آئی ہے اور سی آئی اے سینٹر گارڈن میں تعینات بتایا جاتا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے کامیاب کارروائی پر ایکسائز پولیس کراچی کو مبارکباد دی ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا اور محکمہ ایکسائز کراچی کی کارروائی قابل تحسین ہے۔