تین سال سے پولیس کے لئے چھلاوہ بنے میاں بیوی گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) تین سال سے پولیس کیلئے چھلاوہ بنے میاں بیوی آخر کار گرفتار ہو گئے، ضلع وسطی کے علاقے اجمیر نگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتارکرلیا۔پولیس کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں چھلاوہ بنے میاں بیوی اسلحہ سمیت گرفتار کر لیے گئے، ملزمان 3 سال سے اسٹریٹ کرائم وارداتوں میں ملوث تھے،اور پولیس کے لیے چھلاوہ بنے ہوئے تھے۔ایس ایس پی عارف اسلم را ؤنے اس حوالے سے بتایاکہ ملزم مختار برقع پوش بیوی نادیہ کے ہمراہ وارداتیں کرتا تھا، برقع پوش بیوی کے ساتھ ہونے کی وجہ سے پولیس شک نہیں کرتی تھی، واردات کے دوران ملزم پستول نکال کر سامان چھینتا، اور بیوی بیگ میں ڈال دیتی تھی۔پولیس کے مطابق 12سال پہلے بھی ملزم پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے، گرفتار ملزمان سے مسروقہ سونا و دیگر سامان برآمد کیا جائے گا۔ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرام پر آگئی ہے، جس میں ملزمان کو ایک خاتون سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ملزم نے خاتون سے سونے کی تمام چیزیں اتر والی۔ واردات کے وقت راہ گیر خاتون اپنے بچوں کے ساتھ گلی سے گزر رہی تھی، جب ملزمان میاں بیوی نے اسے دھر لیا۔