دبئی سے کراچی پہنچنے والے دو مسافروں میں کورونا کا شبہ

  دبئی سے کراچی پہنچنے والے دو مسافروں میں کورونا کا شبہ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیر ملکی ایئرلائن کے دو مسافروں میں کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے جنہیں خصوصی سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔کراچی ایئرپورٹ پر دو روز قبل قائم کئے گئے سندھ حکومت کے محکمہ صحت کے کورونا یونٹ کے فوکل پرسن ڈاکٹر اشفاق میمن نے اس ضمن میں بتایا کہ دبئی سے آنے والی فلائٹ ای کے 604 کے مسافرصبح ساڑھے سات بجے جونہیں امیگریشن کے لیے ٹرمینل پہنچے تو تھرمل اسکینگ کے ذریعے دو مسافروں سرفراز خان اور محمد فرمان کو روک لیا گیا۔ ٹمپریچر غیرمعمولی ہونے کی وجہ سے دونوں مسافروں کو ٹرمینل کے اندر ہی واقع آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا۔دونوں مسافروں کی امیگریشن کلیئر نہیں کی گئی بلکہ خصوصی نگہداشت میں ایئرپورٹ کے ابدر سے ہی دونوں مسافروں کو ایمبولینس میں منتقل کردیا گیا اور دونوں مسافروں کو سندھ حکومت کی جانب سے اوجھا اسپتال میں قائم کئے گئے کورونا کے خصوصی سینٹر پہنچا دیا گیا ہے۔کورونا فوکل پرسن ڈاکٹر اشفاق میمن کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر دو روز قبل قائم کیے گئے سندھ حکومت کے 78 رکنی یونٹ نے اب تک 9 مسافروں کو کورونا وائرس کی مشکوک علامات پر خصوصی سینٹر منتقل کیا ہے جہاں ان کے مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر