جنوبی پنجاب میں 2فوڈ پوائنٹس سیل، سینکڑوں لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

جنوبی پنجاب میں 2فوڈ پوائنٹس سیل، سینکڑوں لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

  



ملتان (سٹاف رپورٹر)فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2فوڈپوائنٹس کو سربمہر اور سیکڑوں لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔ڈیری (بقیہ نمبر43صفحہ12پر)

سیفٹی ٹیمز نے جنوبی پنجاب میں ناکہ بندی کر کے دودھ بردار گاڑیوں سمیت ملک شاپس میں موجود6610لیٹر دودھ کی چیکنگ کی اور230لیٹرملاوٹی مضرصحت دودھ کو تلف کیا۔ اس کے علاوہ کولڈ سٹوریج،سوہن حلوہ یونٹس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کوحفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر144,000کے جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیری سیفٹی ٹیمز نے ملتان اور لودھراں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی سمیت مختلف اضلاع میں ملک شاپ کی چیکنگ کی گئی،43دودھ بردارگاڑیوں سمیت ملک شاپس میں موجود6610لیٹر دودھ کو ملک ٹیسٹنگ انسٹرومنٹس سے چیک کیا گیا۔موقع پر لیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر230لیٹر مضرصحت دودھ کو تلف کیا گیاجبکہ 7ملک شاپس کو مجموعی طور پر 26ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔دودھ میں غذائی کمی،ایل آر کی ویلیو ضرورت سے کم،یوریا،کیمیکلزاور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔مزید براں ڈی جی خان میں چیکنگ کے دوران وسیم سلیم بیکرز کو ناقص آئل کے استعمال،ورکنگ ٹیبل پر شیٹ نہ ہونے،ورکرز کا میڈیکل نہ ہونے،لائسنس نہ ہونے،ورکرز کی ذاتی صفائی غیر تسلی بخش ہونے،کھانے کی اشیاء زمین پر رکھنے اور ناقص صفائی کی صورتحال پر بیکری کو سربمہر کیا گیاجبکہ لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے کھلے ملاوٹی مصالحہ جات کی فروخت،کھانے کی اشیاء کے ساتھ نان فوڈ آئٹمز رکھنے،خوراک کو زمین پر سٹور کرنے اور ناقص صفائی پر کریانہ سٹور کو سیل کیا گیا۔ اس کے علاوہ سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے،ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی،ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹس نہ ہونے اور ناقص صفائی پربہاولپور میں واقع سبروسو آؤٹ لیٹ فروزن میٹ کو20ہزار روپے،ملتان میں ملتان انڈسٹری کولڈ سٹوریج کو کھانے کی اشیاء پر فنگس لگی ہونے،سٹور کی گئی اشیاء گلی سڑی ہونے پر15ہزارروپے،الحافظ کولڈ سٹور کو10ہزار روپے،حافظ امجد نواز سوہن حلوہ یونٹ کو سوہن حلوے کوڈھانپ کر نہ رکھنے،گندے زنگ آلود برتن،مشینری پر10ہزار روپے جرمانے کیے گئے۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے بہاولپور،ملتان کے گردونواح میں کارروائیوں کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی پر116,000کے جرمانے عائد کیے گئے۔ڈی جی خان،مظفر گڑھ اور گردونواح میں ورکنگ ایریا صاف نہ ہونے، ملازمین کے میڈیکلزکی عدم دستیابی اور ناقص انتظامات پر28,000کو جرمانے عائد کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران ملاوٹی مصالحہ جات، زائدالمیعاد ڈرنکس اور غیر معیاری خوراک کوموقع پر تلف کیا گیا۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر