حکومت کوروناوائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، محمود خان

حکومت کوروناوائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، محمود خان

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس کو نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا کیلئے ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ احتیاطی تدابیر کو اس وائرس سے بچنے کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ اجتماعات میں جانے سے گریز کریں، سماجی رابطوں کو کم سے کم کریں اورکسی بھی قسم کے خوف و ہراس کا شکار ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وائرس کے موثر روک تھام کیلئے بھر پور انتظامات اور اہم فیصلے کر رہی ہے، تاہم سب کواللہ تعالیٰ سے دُعا کرنی چاہیئے کہ وہ ہمیں اس وباء سے محفوظ رکھے اور اس سلسلے میں ہماری کوششوں میں برکت ڈالے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوروانا وائرس کے حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگہی دینے کیلئے بھر پور مہم شروع کی جائے اور اس مقصد کیلئے ابلاغ عامہ کے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صوبے میں ابھی تک کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا تاہم حکومت احتیاطی تدابیر اور حفاظتی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس مقصد کیلئے جو بھی مشکل فیصلے لینا پڑے وہ لے گی۔ وہ جمعہ کے روز پشاور میں صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال، مشتبہ کیسز کی تعداد اور اس وباء کے متوقع پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی۔اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان تیاریوں کو روزانہ کی بنیادوں پر بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ طویل غور و خوض کے بعد کابینہ نے دیگر اقدامات کے علاوہ ابتدائی طور پر صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو پندرہ دنوں کیلئے بند کرنے اور سرکاری سطح کی سرگرمیوں میں پچاس سے زائد افراد کے اکھٹے ہونے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے خود سے شروعات کرتے ہوئے آنے والے اتوار کے روز اپنے حلقے میں پہلے سے طے شدہ سرگرمیوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں نجی سطح کے سماجی اجتماعات کو کم سے کم کرنے کیلئے تمام دیگرسیاسی و مذہبی رہنماؤں سے مشاور ت شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراء اور ممبران اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اس حوالے سے لوگوں میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے موثر تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضروری آلات اور اشیاء کی خریداری کیلئے درکار فنڈز کی فراہمی کے علاوہ کیپرا رولز سے استثناء کی بھی منظوری دی گئی

مزید : صفحہ اول