’انڈیا کے پاس کرونا سے لڑنے کی صلاحیت نہیں ہے اور ۔۔۔‘ شعیب اختر نے سنجیدہ سوالات اٹھادیے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے کرونا وائرس کے معاملے پر انڈیا کی صلاحیتوں پر سنجیدہ نوعیت کے سوالات اٹھادیے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو میں شعیب اخترکا کہنا تھا کہ ہندوستان 130 کروڑ کی آبادی کا ملک ہے اور اگر وہاں 2 سے 3 کروڑ لوگوں کو کرونا ہوگیا تو ان کے ہسپتالوں میں اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ اس معاملے سے نمٹ سکیں۔
شعیب اختر نے پاکستان میں کرونا کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی آبادی اتنی زیادہ نہیں ہے جبکہ یہاں کرونا کے اتنے زیادہ کیسز سامنے نہیں آئے ہیں۔
انہوں نے کرونا وائرس کی وجہ بننے والے چینی شہریوں پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ جب کھانے کیلئے اتنا کچھ ہے تو لوگ، کتے، بلی اور چمگادڑ کیوں کھاتے ہیں ۔
خیال رہے کہ انڈیا میں اب تک کرونا وائرس کے 80 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور وہاں اس کی وجہ سے 2 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔