جب پوری قوم کو کورونا وائرس پھیلنے کے بدترین خطرے کا سامنا ہے تو بنی گالہ۔۔۔پیپلز پارٹی نے حکومت پر شرمناک الزام عائد کر دیا

جب پوری قوم کو کورونا وائرس پھیلنے کے بدترین خطرے کا سامنا ہے تو بنی ...
 جب پوری قوم کو کورونا وائرس پھیلنے کے بدترین خطرے کا سامنا ہے تو بنی گالہ۔۔۔پیپلز پارٹی نے حکومت پر شرمناک الزام عائد کر دیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)  پاکستان پیپلز پارٹی  کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ جب پوری قوم کو کورونا وائرس پھیلنے کے بدترین خطرے کا سامنا ہے تو بنی گالہ گینگ نے دو کروڑ ماسک بیرون ملک سمگل کردئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں رکن صوبائی اسمبلی اور پیپلز پارٹی پنجاب کے ترجمان سید  حسن مرتضیٰ نے الزام لگایا کہ چینی، آٹا مافیا کے بعد اب سمگلنگ مافیا سرگرم ہے، اور نیازی حکومت ان کی سہولت  کار ہے، نیازی حکومت کی طرف سے پڑوسی ممالک میں کورونا وائرس وبائی بیماری کی موجودگی کے باوجود اور سرحدوں پر موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے اس الزام کا جواب دینا چاہئے کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈی آر پی کے ڈپٹی ڈائریکٹر غضنفر علی کی ملی بھگت سے ماسک سمگل کیا،جب پاکستان مہلک کورونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہے ، اس کے برعکس بنی گالہ گینگ اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے ، مافیا جنہوں نے عمران نیازی پر سرمایہ کاری کی وہ اب پیسہ بنا رہے ہیں۔سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دو کروڑ ماسک سمگل کرنے کے بعد علیمہ باجی کے لئے نئی سلائی مشینیں خریدی جارہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گینگ آف بنی گالہ اب چینی ، آٹے اور ادویہ میں زبردست منافع کے بعد کورونا کے ذریعہ پیسہ کما رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم کورونا وائرس جیسے معاملات پر سیاست نہیں کریں گے ، لیکن منتخب حکومت کی نااہلی ، بدعنوانی اور اسمگلنگ کو برداشت نہیں کریں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور