لاہور کے معروف دینی ادارے جامعہ اشرفیہ نے سالانہ امتحان ملتوی کر دیئے،طلباء کو کتنی چھٹیاں دی گئی ہیں؟جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور اور اس کی تمام شاخوں اور برانچوں میں ہنگامی طور پر سالانہ امتحان ملتوی کرتے ہوئے 10 شوال تک تعطیلات کر دی گئیں،طلبہ روزانہ دو نفل پابندی سے ادا کرتے ہوئے اُمتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کی حفاظت کے لیے خصوصی دعا کریں،مولانا فضل الرحیم اشرفی کی طلبہ کو الوداعی نصیحت ،طلبہ گھروں کو روانہ ہوگئے۔
اس سلسلہ میں جامعہ اشرفیہ لاہور میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ حضرت مولانا قاری ارشد عبید نے تعطیلات کا اعلان کرتےہوئےکہا کہ حکومت کے فیصلہ اورنوٹیفیکیشن کے مطابق جامعہ اشرفیہ لاہور اور دیگر شہروں میں موجود تمام برانچوں میں بھی سالانہ امتحان ملتوی کئے جاتے ہیں اور طلبہ جلد از جلد اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں۔ اس موقعہ پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ پابندی کےساتھ دونفل توبہ کی نیت سے پڑھ کراللہ تعالیٰ سےتوبہ و استغفار کرتےہوئےاُمتِ مسلمہ بالخصوص پاکستان کی امن و سلامتی اور حفاظت کے لیےخصوصی طور پر دعائیں کرتے رہیں،اللہ تعالیٰ ہمیں اتفاق و اتحاد کی نعمت عطافرمائے اورفرقہ واریت کی لعنت سے بچائے۔اس موقع پر مولانا فضل الرحیم اشرفی نے طلبہ کوموجودہ حالات اور کرونا وائرس اور دیگر امراض سے حفاظت کے لیے مختلف وظائف پڑھنے کی بھی تاکید کی۔