’ کرونا کے حوالے سے سب سے غیر محفوظ جگہ ہسپتال ہیں، سکولوں کی چھٹیوں کو غنیمت جان کر بچوں کو بلاوجہ ہسپتال نہ لائیں‘ ایک ڈاکٹر کا پاکستانیوں کے نام اہم پیغام

’ کرونا کے حوالے سے سب سے غیر محفوظ جگہ ہسپتال ہیں، سکولوں کی چھٹیوں کو غنیمت ...
’ کرونا کے حوالے سے سب سے غیر محفوظ جگہ ہسپتال ہیں، سکولوں کی چھٹیوں کو غنیمت جان کر بچوں کو بلاوجہ ہسپتال نہ لائیں‘ ایک ڈاکٹر کا پاکستانیوں کے نام اہم پیغام

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے، سکولوں کی چھٹیاں ہوئیں تو والدین نے بچوں کو بلاوجہ ہسپتالوں کے چکر لگوانا شروع کردیے ہیں جس پر ایک ڈاکٹر نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر حافظ عابد حسین نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لوگوں کو یہ بتایا ہے کہ بچوں کو بلا وجہ ہسپتال نہ لایا جائے کیونکہ کرونا وائرس کیلئے سب سے خطرناک جگہ ہسپتال ہی ہے ، اس لیے اگر جب تک انتہائی مجبوری نہ ہو تب تک ہسپتالوں کا رخ کرنے سے پرہیز کیا جائے ۔

ڈاکٹر عابد نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا ’ معصوم عوام کو کوئی یہ بھی بتائے کہ مسجد، سکول اور یونیورسٹی سے زیادہ خطرناک جگہ ہسپتال ہے، کرونا لگنے کے حوالے سے خطرناک ترین جگہ ہسپتال ہی ہے لیکن مجبوری یہ ہے کہ علاج کی جگہ بھی یہی ہے۔ اس مجبوری کے پیش نظر خطرے کے باوجود ڈاکٹر اور ہسپتال کا عملہ تو ڈیوٹی پر موجود ہے مگر تین تین سال پرانی بیماریوں کو لے کر ہسپتال کا چکر باجماعت اس نیت سے خدارا نہ لگائیں کہ بچوں کو چھٹی ہوگئی ہے تو ٹانسل کا آپریشن ہی کرا لیں ۔ اگر آپ کو یا بچے کو واقعی تکلیف ہو رہی ہو تبھی ہسپتال تشریف لائیں اور کم سے کم لوگ مریض کے ساتھ آئیں ورنہ ہسپتال سے دور ہی رہیں، یہ آپ اور آپ کے پیاروں کی بہتری کیلئے ہے، اللہ ہم سب پر رحم فرمائے ۔‘

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور