چھکوں کی برسات کرنے والے شرجیل خان نے دلچسپ بات بھی کہہ دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے کہا ہے کہ پہلی گیند پر چھکا بھی لگایا اور آنکھیں بھی کھل گئیں جس کے بعد فطری کھیل پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ناصرف سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے بلکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ شرجیل خان نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے جیت کی بنیاد رکھی جن کا کہنا ہے کہ پہلا بال بہت اچھا آیا تھا لیکن اس پر چھکا لگ گیا جس سے اعتماد ملا۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے باﺅلنگ کر چکے تھے اس لئے پچ کا اندازہ ہو گیا تھا اور جب بیٹنگ کیلئے میدان میں آیا تو گیند بلے پر بہت اچھا آ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی گیند ہی باﺅنسر آیا تو آنکھیں بھی کھل گئیں اور چھکا بھی لگا جس کے بعد میں نے کچھ وقت لے کر بری گیندوں کا انتظار کیا اور فطری کھیل پیش کرنے کی کوشش کی جس میں کامیابی ملی۔