کراچی کنگز کی جیت کی وجہ کیا بنی؟ عماد وسیم نے زبردست بات کہہ دی

کراچی کنگز کی جیت کی وجہ کیا بنی؟ عماد وسیم نے زبردست بات کہہ دی
کراچی کنگز کی جیت کی وجہ کیا بنی؟ عماد وسیم نے زبردست بات کہہ دی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میچ ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے فاسٹ باﺅلرز نے آخری لمحات میں اعصاب پر قابو پایا اور عمدہ باﺅلنگ کے ذریعے حریف ٹیم کو بڑا ہدف دینے سے روکا جس کے بعد بلے بازوں نے پاور پلے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ 10 اوورز کے بعد گیند سپن ہونا شروع ہوا تو ہم نے وکٹیں روکنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ پر بھی فرق پڑا تاہم کھیل کے آخری لمحات میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے باﺅلرز نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا۔

ایک سوال کے جواب میں عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ہر میچ نیا ہوتا ہے اور اپنے اگلے میچ میں آج کی کارکردگی پر انحصار نہیں کریں گے بلکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حالات کے مطابق فیصلے کریں گے اور جیت کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update