خواتین کے فلاح میں خاندان کی فلاح اور معاشرے کی اصلاح ہے:ثمینہ عارف علوی

خواتین کے فلاح میں خاندان کی فلاح اور معاشرے کی اصلاح ہے:ثمینہ عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اسٹاف رپورٹر)خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کے فلاح میں خاندان کی فلاح ہے اور خاندان کی فلاح میں معاشرے کی اصلاح  ہے،خواتین پر تشدد نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے ہفتے کو ان خیالات کا اظہار کراچی میں خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر  اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ثمینہ عارف علوی  نے کہا کہ ہمیں خواتین اور خصوصی افراد کے فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنا چاہئے،پاکستان کی ترقی کے لئے خواتین کو جائز حقوق دینے ہونگے،بدقسمتی سے وراثت میں ابھی بھی خواتین کو محروم رکھا جارہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ خواتین کی وراثت کے حوالے سے قرآن کریم میں واضح احکامات موجود ہیں،پاکستانی خواتین نے جب ضرورت پڑی تو مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا،اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خواتین کے لئے اچھے پروگرام متعارف کروائے ہیں،خواتین کو آگاہ کرنا ضرری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدم آگاہی کی وجہ سے چھاتی کے سرطان کی شرح اموات بہت زیادہ  ہے،اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں جینڈر گیپ کو کم کیا جائے،اسٹیٹ بینک خواتین کو معاشی لحاظ سے خودمختار بنانے کے لیے کام کررہی ہے،2023 تک دو کروڑ خواتین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے،اب تک صرف ایک کروڑ خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھلے ہوئے ہیں،خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان قرضے فراہم کئے جارہے ہیں،ہم نے کوشش کی ہے کہ ہر بینک میں کم سے کم بیس فیصد عملہ خواتین پر مشتمل ہو کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ خواتین کو شامل کئے بغیر ملک کی معاشی ترقی ممکن نہیں۔