پی ایس ایل6کے بقیہ میچز کیلئے دومجوزہ شیڈول تیار، ٹیم مالکان کو ارسال، فائنل کی ممکنہ تاریخ بھی سامنے آگئی

پی ایس ایل6کے بقیہ میچز کیلئے دومجوزہ شیڈول تیار، ٹیم مالکان کو ارسال، فائنل ...
پی ایس ایل6کے بقیہ میچز کیلئے دومجوزہ شیڈول تیار، ٹیم مالکان کو ارسال، فائنل کی ممکنہ تاریخ بھی سامنے آگئی

  

کراچی(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)6کے بقیہ میچز کیلئے2مجوزہ شیڈول تیار کر لئے گئے ہیں،مجوزہ شیڈول ٹیم مالکان کو ارسال کیے گئے ہیں، جس کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا۔فائنل20جون کو متوقع ہے ،تمام ٹیموں کو ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرانے کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہےتاکہ بائیو ببل بنانے میں آسانی ہو، وہاں کوئی باہرکا شخص نہیں آ سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ کی جانب سے 2 مجوزہ شیڈول ٹیم مالکان کو ارسال کیے گئے ہیں، وہ ان پر اپنی رائے دیں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا، ایک شیڈول میں دن میں 2میچز کا تجویز کیا گیا ہے، دوسرے کے مطابق 5 دن ایک جبکہ ہفتے اور اتوار کو 2مقابلے ہوں گے۔گرم موسم کی وجہ سے ڈبل ہیڈر میچز شام 4بجے شروع کرنے کا ارادہ ہے، اس صورت میں دوسرے میچ کا آغاز رات 9بجے ہوگا، اختتام ساڑھے 12 بجے ہونے پر ٹیموں کو ہوٹل پہنچتے پہنچتے رات کے ایک سے ڈیڑھ تک بج سکتے ہیں، اس پر بعض اعتراض سامنے آئے ہیں، زیادہ سے زیادہ ٹی وی ریٹنگ کے لیے میچز پرائم ٹائم پر کرانے کا بھی کہا جا رہا ہے،فائنل کے لیے اتوار 20جون کی تاریخ سامنے آ گئی، البتہ اس میں ردوبدل بھی ممکن ہے۔

پی سی بی چاہتا ہے کہ انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹرز کو چنددن گھر والوں کے ساتھ گذارنے کا موقع مل جائے اس لیے20جون تک ایونٹ ختم کرنے کا ارادہ ہے، گرین شرٹس کی انگلش حریفوں سے 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 8جولائی کو ہوگا،ایک فرنچائز نے اپنے ایک ساتھ دن کے میچز زیادہ ہونے پر بھی اعتراض کیا ہے، باہمی مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے پی سی بی حکام سے ورچوئل میٹنگ میں شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی، ایک تجویز یہ بھی ہے کہ مئی کے آخر میں ہی ایونٹ کا آغاز کر لیا جائے۔

آئی پی ایل کا فائنل 30تاریخ کو ہونا ہے البتہ پی ایس ایل فرنچائزز کا کہنا ہے کہ ہمارا بھارتی ایونٹ سے کوئی لینا دینا نہیں اور اپنی سہولت دیکھنی ہے۔ بورڈ نے پہلے غیرملکی کرکٹرز کے لیے 10 دن کا قرنطینہ تجویز کیا تھا مگر اب یہ فیصلہ بائیو ببل بنانے والی غیرملکی کمپنی پر چھوڑنے پر اتفاق ہوگیا۔ممکن ہے کہ ایک ہفتے کی آئسولیشن رکھی جائے، کراچی میں ہوٹل کی تلاش بھی شروع ہو چکی،اس بار ایک ہی ہوٹل میں تمام ٹیموں اور دیگر افراد کو ٹھہرانے کا ارادہ ہے تاکہ بائیو ببل بنانے میں آسانی ہو، وہاں کوئی باہرکا شخص نہیں آ سکے گا۔

مزید :

PSL -PSL News Update -