شاہد رشید مرحوم
نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری، اور معروف مصنف و کالم نگار سید شاہد رشید اچانک دِل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ان کی عمر ساٹھ سے کچھ ہی اوپر ہو گی۔وہ ایک مستعد اور سرگرم کارکن تھے۔ انہوں نے مشرقی پاکستان سے تعلق رکھنے والے عظیم رہنما محمود علی کا بھرپور ساتھ دیا،سقوطِ ڈھاکہ کے بعد انہوں نے تحریک تکمیل پاکستان کی بنیاد رکھی تو نوجوان شاہد رشید نے بھی اپنی توانائیاں اس میں لگا دی۔ ”نوائے وقت“ کے مرحوم ایڈیٹر مجید نظامی سے ان کا گہرا تعلق رہا،انہی کے زیر سایہ ان کی نظریاتی شخصیت ابھری اور نکھری۔نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری کے طور پر وہ نوجوانوں کی فکری تربیت کا سامان کرتے رہے، سیمینار اور ورکشاپس تواتر سے جاری رہتیں۔ وہ کئی کتابوں کے مصنف تھے،اور کالم نگار کے طور بھی اپنی شناخت رکھتے تھے،ان کے انتقال سے وطن ِ عزیز کی نظریاتی سرحدیں ایک چوکس پاسبان سے محروم ہو گئیں۔اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرمائے کہ ان کا خلا بآسانی پُر نہیں ہو سکے گا۔