ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کرنیوالوں کو ناکام بنایا جائیگا: گورنر پنجاب
لاہور(این این آئی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ملکی ترقی کیلئے بلوچستان کی خوشحالی اور امن کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ملک دشمنوں سے پاکستان میں امن واستحکام برداشت نہیں ہورہا مگر پوری قوم متحد ہے ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازشیں کرنیوالوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا،تمام سیاسی جماعتوں کو فیصلے ذاتی اور سیاسی نہیں ملکی وقومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے کر نے چاہئیں۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر بلوچستان سید ظہور آغا نے گور نر ہاؤس لاہو ر میں ملاقات کی جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت بلوچستان کے حوالے سے مختلف ایشوز پربات چیت کی گئی۔گور نر سید ظہور آغا نے بلوچستان میں پینے کے صاف پانی اور صحت کی مفت سہولتوں کی فراہمی کیلئے گور نر پنجاب کی قیادت میں پی ڈی این اور سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات کو بھی سراہا۔ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام فیصلے بلوچی قیادت کی مشاورت کیساتھ کر رہی ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو مضبوط مستحکم اور پر امن بنانے کیلئے لازم ہے کہ بلوچستان کی ترقی او ر خوشحالی کو بھی یقینی بنایا جائے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کیلئے بلوچستان کے عوام نے جو قر بانیں دیں ہم ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انشاء اللہ نہ صرف بلوچستان کو مضبوط اور خوشحال بنایا جائے گا بلکہ انکو تمام حقوق بھی دیئے جائیں گے۔ گور نر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مکمل ایمانداری کیساتھ ملک وقوم کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہے ہیں اور پوری قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر پنجاب