بیڈمنٹن کھلاڑی پلوشہ بشیر کا ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی کامطالبہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل بیڈمنٹن پلیئر پلوشہ بشیر نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے پلیئرز ایسوسی ایشن کے قیام پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کی درخواست کی ہے۔اپنے بیان میں پلوشہ بشیر نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کا خاتمہ ایک سیٹ بیک ہے، تمام کھلاڑیوں کیلئے یہ مشکل وقت ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی تنخواہیں رک گئی ہیں۔ ایسے میں مہنگا کھیل بیڈمنٹن کیسے کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان سے درخواست ہے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کو بحال کریں۔
نوکریاں بحال کی جائیں، کھلاڑی پے رول پر آئیں تاکہ کھلاڑی کھیل جاری رکھ سکیں۔پلوشہ بشیر نے کہا کہ سندھ کی طرف سے کھیلنا فخر کی بات ہے لیکن مالی طور پر بھی ہمیں مضبوط ہونا ہے، میری ابھی نوکری بچی ہوئی ہے لیکن مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، مجھے نہیں علم کے آگے کیا ہونا ہے لیکن دوسرے کھلاڑیوں کی نوکریاں جا رہی ہیں اور وہ بے روزگار ہو رہے ہیں، کھلاڑیوں کے ساتھ جو رہا ہے اس کے لیے میں آواز بلند کر رہی ہوں۔قومی بیڈ منٹن پلیئر نے کہا کہ کھیلوں پر اس وقت اندھیرا چھا رہا ہے، امید ہے وزیر اعظم روشنی ڈالیں گے اور ہمارے بارے میں سوچیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک پلیئرز ایسوسی ایشن بننی چاہیے جو اس مسئلے کے لیے آواز اٹھائے اور کھلاڑیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے پی ایس بی اور پی او اے وزیراعظم سے بات کریں۔