جنرل ہسپتال میں آنتوں کی سرجری کے موضوع پر آگاہی ورکشاپ
لاہور(جنرل رپورٹر)نوجوان ڈاکٹرز کو آنتوں کی سرجری اور انہیں جدید طریقے سے جوڑنے کے عمل کے بارے میں جنرل ہسپتال سرجیکل یونٹ II میں " ہینڈز آن" ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر آمنہ جاوید نے نوجوان سرجنز کو آنتوں کے آپریشن اور انہیں دوبارہ جوڑنے سے متعلق جدید طبی آلات کے استعمال بارے تربیت فراہم کی جبکہ ڈاکٹر شبیر احمد چوہدری، ڈاکٹر کریم اللہ،ڈاکٹر فلک شیر، ڈاکٹر فرمان علی اور ڈاکٹر قاسم علی نے اپنے تجربے کی روشنی میں ڈاکٹرز کو آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سمیت ڈاکٹر آصفہ اشفاق بھی موجود تھیں۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ڈاکٹرز کی اپنے علم اور ٹیکنیکل تجربے کو مسلسل بڑھانے کے لئے تربیتی ورکشاپ میں شرکت نا گزیر ہے۔پروفیسر ڈاکٹر آمنہ جاوید نے کہا کہ آنتوں کے بڑھتے ہوئے امراض،آنتوں کی ٹی بی، کینسر اور ٹائیفائیڈ، آنتوں کے زخم و السرکے علاج کیلئے انٹسٹائنل سرجری کی ضرورت پیش آتی ہے اور آنتوں کو دوبارہ جوڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ" ہینڈز آن" ورکشاپ نوجوان ڈاکٹرز و سرجن کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے اور انہیں طبی آلات کے بہتر استعمال بارے معاون ثابت ہوگی۔