اتحادی ہمارے ساتھ رہیں گے، اپوزیشن جلد تتر بتر ہونیوالی ہے: حسا خاور

اتحادی ہمارے ساتھ رہیں گے، اپوزیشن جلد تتر بتر ہونیوالی ہے: حسا خاور

  

      لاہور (آئی این پی)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ کپتان نے ثابت کردیا کہ عوام صرف انکے ساتھ کھڑی ہے۔تفصیلات کے مطابق حسان خاور نے اپوزیشن جماعتوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ کپتان کے جلسوں میں عوام کی بھرپور شرکت پی ٹی آئی حکومت پر قوم کے بھرپور اعتماد کا واضح اظہار ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں ملکر بھی اس سے آدھی عوام کو بھی اکٹھا نہیں کرسکتی۔ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی مزید مقبولیت کا گراف تیزی سے بڑھ رہا ہے، کپتان نے ثابت کردیا کہ عوام صرف انکے ساتھ کھڑی ہے۔حسان خاور نے کہا کہ منڈی بہاؤالدی، میلسی اور لوئر دیر جیسے دیہی علاقوں میں کامیاب جلسے سے کپتان نے اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکال دی۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سالوں میں حکومت کیخلاف تسلسل سے کیا جانے والے پراپیگنڈے کے غبارے سے عوام خود ہوا نکال رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کے ملک اور قوم کی تقدیر بدلنے والے اقدامات سے عوام خوش اور مطمئن ہیں۔ عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ایک چال کے بدلے حکومت نے دس پلان ترتیب دے رکھے ہیں البتہ اپوزیشن جدھر سے بھی آئے گی جواب نہلے پہ دھلا ملے گا۔حسان خاور نے کہا کہ اتحادی ترقی کے سفر میں حکومت کے شانہ بشانہ رہیں گے، اتحادی جماعتیں بخوبی جانتی ہیں کہ اپوزیشن نوے کے زاویے پر کھڑی اور جلد تتر بتر ہونے والی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک واپس لے لے پھر ایسا نہ کہنا خبر نہ دی، اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کا بھرکس نکلنے والا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک آبیل مجھے مار والی ہے، انشاء اللہ عدم اعتماد کی ناکامی سے اپوزیشن ایک اور شکست کا مزہ چکھنے جارہی ہے۔ حسان خاور نے کہا ہے کہ جیت بلاشبہ حق کی ہوگی۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لکھا کہ بلاشبہ پاکستان کے ترجمان عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایک خوددار غیرت مند قوم بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ جاری کردہ پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ روشنی کے اس سفر میں اندھیروں کی پروا کیے بغیر سب غیرت مند پاکستانی عمران خان کے ساتھ تھے اور رہیں گے۔

حسان خاور 

مزید :

صفحہ اول -