بھارتی سپر سونک میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثے کے سوا کچھ نہیں تھا: امریکہ 

بھارتی سپر سونک میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثے کے سوا کچھ نہیں تھا: امریکہ 

  

     واشنگٹن(این این آئی)امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جو یہ ظاہر کریں کہ غیر مسلح سپر سونک بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثہ نہیں تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہمارے پاس اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ یہ واقعہ حادثے کے سواکچھ تھا۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بدھ کو ہونے والی دراندازی سے بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید بگڑ سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مزید بیان کے لیے ہم آپ کو بھارتی وزارت دفاع سے رجوع کرنے کا کہیں گے،مزید پوچھے جانے پر امریکی ترجمان نے بھارتی بیان کا کچھ حصہ دوبارہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 مارچ 2022 ء کو معمول کی دیکھ بھال کے دوران ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایک میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ معلوم ہوا ہے کہ میزائل پاکستان کے ایک علاقے میں گرا، یہ واقعہ جہاں انتہائی افسوسناک ہے وہیں یہ بات بھی قابل اطمینان ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان نے کہا کہ امریکی دفتر خارجہ کا اس معاملے پر مزید کوئی بیان نہیں ہے۔

امریکہ 

مزید :

صفحہ اول -