قبائلی اضلاع کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں: انور زیب

قبائلی اضلاع کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں: انور ...

  

        پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰۃوعشر سماجی بہبود وخصوصی تعلیم اورترقی خواتین انورزیب خان نے گورنمنٹ پرائمری سکول دامان شاہ آرنگ ضلع باجوڑ کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر علاقے کے مشران نوجوانوں، پی ٹی آئی کارکنان ودیگرنے کثیر تعداد میں شرکت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم کو عام کرنے کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے ملک اور معاشرے کی ترقی کیلئے تعلیم کا حصول موجودہ دور میں نہایت ضروری ہے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ضم قبائلی اضلاع میں دوسرے سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ وہاں کے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیوار سے آراستہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں دورافتادہ علاقوں میں تعلیم عام کرنا  پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے انہوں نے کہا کہ صرف باجوڑ میں 14 سکولوں کی اپگریڈیشن کی گئی ہے،آرنگ میں دو مڈل سکولوں کو ہائی سکول میں اپ گریڈ کیا، دو ہائی سکول ہائیر سکنڈری سکول میں اپ گریڈ ہوئے جن میں غازی بابا بوائز اینڈ گرلز سکول شامل ہیں، یہاں محکمہ ایریگیشن نے کروڑوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں جو بہت جلد مکمل ہوجائینگے انہوں نے کہا جہاں پر بھی ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹیریل استعمال ہورہا ہو اس کی نشاندہی کریں متعلقہ ٹھیکیدار کے کام کو روک کر اس کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی، ناقص میٹیریل   استعمال کرنے والوں کو ہر گز برداشت نہیں کرینگے، عوام کا پیسہ عوامی فلاح کے کاموں پر خرچ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آرنگ روڈ بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 72سالوں میں قبائلی علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور انہیں مکمل نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے یہ علاقے پسماندہ اور ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ محمودخان کی قیادت میں قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے ان علاقوں کی محرومیوں کو دور کیاجائیگا۔صوبائی وزیر انور زیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نئے قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کوشاں ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -