جمہوریت وعوام میں بہت بڑا خلا پیدا ہو چکا ہے، فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت اور عوام میں بڑا خلا پیدا ہو چکا ہے، سیاسی جماعتوں نے جمہوریت، معاشرت اور عوام کو ذاتی کھیل بنا دیا ہے، اپنے ذاتی مفادات کی بقا کیلئے تمام اخلاقی اور قومی اقدار کو پامال کر دیا گیا ہے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ عوام 75 سال سے یہی کھیل دیکھ رہے ہیں، امیدوں اور وعدوں کے باوجود انہیں انصاف نہیں ملا، عوام کو اختیار دیا جائے گا تو حقیقی جمہوریت آئے گی، محمد فائق شاہ نے کہا کہ چاروں صوبوں میں عملاً کاروبار زندگی معطل ہو چکا ہے، تمام حکومتیں عدم اعتماد اور سیاسی جال کا حصہ بن چکی ہیں، دشمن میزائل تک پھینک گیا مگر ہماری سیاست آپس کے جھگڑوں میں پاکستان کو بھی بھول چکی ہے، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی حکومتیں اپنی ناکامی چھپانے کیلئے عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں، یہی حال خیبرپختونخوا میں ہے، نوجوان اور اہل افراد آگے آئیں اور ان سیاسی بازی گروں سے ملک کو نجات دلائیں طاقت اور دولت دو ہی بڑے مقاصد کی جنگ ہے، عوام اسی لئے جمہوریت سے بھی بدظن ہو چکے ہیں، محمد فائق شاہ نے کہا کہ امن ترقی پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سیاسی، جمہوری اور معاشی آزادی حاصل کرنے کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ حقیقی جمہوریت اور عوامی انصاف آئے، سول سوسائٹی، اہل اور دیانتدار افراد ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ان مفاد پرستوں کا چہرہ بے نقاب کریں، طاقتور طبقات غریب کو کچل رہے ہیں، آئین اور قانون ان کی باندی بنا دی گئی، مگر عوام کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، فی الفور ادارے کردار ادا کریں اور عوام کو انصاف میں مدد دلائیں امن ترقی پارٹی مکمل سپورٹ کرے گی۔