پنجاب بینک کے صدر کو ہنگری کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا
لاہور(خصوصی رپورٹ) دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود کو ہنگری- پاکستان کے مابین ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط تر بنانے اور ہنگری کے آرٹسٹ اگست شوفٹ کا تاریخی لحاظ سے اہم ترین برصغیر کے آرٹ ورک کو بحال کر نے کیلئے اٹھائے گئے اقدام کی قیادت کرنے پر ہنگری کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ، '' دی آفیسر کراس آف دی آرڈر آف میرٹ آف ہنگری''، ظفر مسعود کو پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فزیکاش (بقیہ نمبر24صفحہ6پر)
نے جمہوریہ ہنگری کے صدر کی جانب سے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں پیش کیا۔ تقریب میں ہنگری کے سفارت خانے کے اعلی حکام اور دیگر مقامی اور غیر ملکی معززین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ لاہوقلعہ میں انیسویں صدی کی ہنگری کے آرٹسٹ اگست شوفٹ کی پینٹنگز کو ہنگری کے ماہرین کے ذریعے ان کی اصل شکل میں پوری طرح سے واپس لانے کے عمل کو مکمل طور پر دی بینک آف پنجاب کی جانب سے اسپانسر کیا گیا ہے جو اس کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اقدامات میں سے سب سے اہم ہے۔ یہ اس اہمیت کی نشاندہی بھی کرتا ہے کہ بی او پی کیلئے ہمارے قومی اور ہمارے مشترکہ بین الاقوامی ورثہ کا تحفظ نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ یہ ہماری ویلیو پروپوزیشن سے بھی منسلک ہے۔ ظفر مسعود نے یہ بھی کہا کہ،یہ پینٹنگز برصغیر کے ایک اہم دور کی عکاسی بھی کرتی ہیں، اور اب پاکستان کی تاریخ کی بھی اور ہنگری، پاکستان اور سکھ برادری کے مشترکہ ورثے کا قیمتی اور جیتا جاگتا ثبوت بھی ہیں اور میرے نزدیک بحیثیت قوم یہ ہمارے لیے تمام ثقافتوں اور معاشروں کے لیے قبولیت اور رواداری کی بھی عکاس ہیں۔ہنگری کے ہیڈ آف مشن فازیکاش نے کہا کہ یہ ایوارڈ ظفر مسعود کو ہنگری اور پاکستان کے ثقافتی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کی گئی ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہورقلعہ میں شوفٹ کی ان گیارہ پینٹنگز کی بحالی اور نمائش کا یہ اقدام دی بینک آف پنجاب کی اس فراخدلانہ سپانسرشپ کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
پنجاب بینک