عمران صاحب آپ آلو ٹماٹر کی قیمت دیکھنے نہیں، ملک کا کباڑہ کرنے آئے: شہباز شریف

  عمران صاحب آپ آلو ٹماٹر کی قیمت دیکھنے نہیں، ملک کا کباڑہ کرنے آئے: شہباز ...

  

       اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ واقعی آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے بلکہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے اور آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں۔وزیراعظم کے حافظ آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیر، سی پیک کو روکنے، کرپشن میں پاکستان کے 24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نے کر دی ہے، اب گھر جائیں، پاکستان کے دوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کردیا، عمران صاحب آپ پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کر دیا، آپ ڈالر کی قیمت 125 سے 180 کرنے آئے تھے، معیشت کی یہ تباہی آپ نے پوری کامیابی سے کر دی ہے، فارن فنڈنگ کی کالی دولت کی مدد سے جو گند ڈالنے آئے تھے، وہ آپ پھیلا چکے، اس گندگی کو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کی 6 فیصد گروتھ روکنے اور کم ترین 3 فیصد مہنگائی کو تاریخ کی بلند ترین 26 فیصد پر لیجانے کا ایجنڈا پورا کردیا، اپنا بنی گالہ کا غیر قانونی محل، آپ پٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 کرنے آئے تھے، آٹا 35 روپے سے 100، چینی 52 سے 130 روپے کلو اور بجلی 11 روپے سے 26 روپے فی یونٹ کرنے آئے تھے، یہ ظلم آپ کر چکے ہیں، گیس کی قیمت میں 100 فیصد، دوائی کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ، گھی 140 سے 440 روپے کلو آپ کر چکے ہیں۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک آپ بناچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے ہیں، آپ قوم کا آٹا چینی، کھاد چھننے آئے تھے، یہ کام آپ کامیابی سے انجام دے چکے ہیں، اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ آپ کر چکے ہیں، عمران صاحب آپ کا کام پورا ہوگیا، اب گھر جائیں اور مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی ماری قوم کو سکھ کا سانس آنے دیں۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے محسن داوڑ سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے رکن اسمبلی محسن داوڑ سے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -