نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو خوبصورت بنانے کی مہم کا آغاز 

       نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو خوبصورت بنانے کی مہم کا آغاز 

  

کراچی (پ ر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) نے صنعتی ایریا کو خوبصورت بنانے کے مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں نکاٹی، ڈی ایم سی اور جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے اشتراک سے ابتدائی طور پر سیکٹر16بی میں پارک اور صبا چورنگی کی تزئین و آرائش کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔تقریب میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین مولانا بشیر فاروقی، جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سی ای اوعرفان واحد، نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان، ایڈمنسٹریٹرضلع وسطی طحہ سلیم کے علاوہ تاجر وصنعتکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین مولانا بشیر فاروقی نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور خصوصی دعا کرائی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا کو خوبصورت بنانے کا آغاز خوش آئند ہے اور جی ایف ایس بلڈرز، نکاٹی، ڈی ایم سی کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے معیشت کے استحکام اور روزگار کی فراہمی میں صنعتکار برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر اور صنعتکار برادری آگے آئے اور زیادہ سے زیادہ صنعتیں قائم کرے تاکہ کوئی بے روزگار نہ رہے۔نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کا برا حال ہے اور ہم شہرِ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور روشنیوں کے شہر کی خوبصورتی دوبالا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز اور ڈی ایم سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں چورنگیوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ سیکٹر16بی میں پارک کی تعمیر سے صحت مند تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سی ای او عرفان واحد نے کہا کہ جی ایف ایس کراچی کو خوبصورتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا اور نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں نکاٹی کے اشتراک سے تزئین و آرائش کے کاموں کی طرز پر اپنا تعاون جاری رہیں گے تاکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے نکاٹی، جی ایف ایس کے مشترکہ منصوبے کو خوش آئند قرار دیا اور اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایسی مشترکہ کوششوں سے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں صفائی اور خوبصورتی نظر آئے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -