لاہورگلبرگ کے شاپنگ پلازے کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا

لاہورگلبرگ کے شاپنگ پلازے کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا
لاہورگلبرگ کے شاپنگ پلازے کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور کے پوش علاقے گلبرگ کے شاپنگ پلازے میں لگی آگ تاحال نہ بجھائی جا سکی، خوفناک آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز  کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پلازے میں لگی آگ ایک کے بعد دوسرے فلور کو لپیٹ میں لیتی ہوئی چار فلور  تک پھیل گئی تھی ،  شاپنگ پلازہ میں 400 کے قریب دکانیں تھیں جن میں  زیادہ تر دکانیں موبائل فونز ، الیکٹرانکس اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی تھیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق دکانداروں کا الزام ہے کہ مالکان پلازہ خالی کروانا چاہتے تھے، آگ لگائی گئی ہے، شارٹ سرکٹ نہیں ہوا۔آگ کے باعث شاپنگ پلازہ میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چیمہ کا کہنا ہے کہ پلازے میں آگ پر جزوی قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، خطرناک آگ کو بجھانے کے لیے میں نے خود آپریشن کی نگرانی کی۔

شاپنگ پلازہ میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی 25 سے زائد گاڑیوں اور 60 کے قریب ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا ،  پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں پلازے کے سکیورٹی انچارج اور ایک ملازم کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گلبرگ کے پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔