حکومت جاتے جاتے آئی ایم ایف سے ڈیل توڑ رہی ہے ، آئی ایم ایف پروگرام جاری رہنا ضروری ہے ، مفتاح اسماعیل
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت اگلی حکومت کیلئے ایٹم بم بچھا رہی ہے ، حکومت جاتے جاتے آئی ایم ایف سے ڈیل توڑ رہی ہے ، آئی ایم ایف پروگرام جاری رہنا ضروری ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شوکت ترین نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ، عمران خان نے پہلے چین اور پھر مغرب سے بھی لڑائی لے لی ، خان صاحب نے پہلے سی پیک بند کر کے چین سے اور اب یورپی یونین سے لڑائی لے لی ہے ، آج پاکستان میں مہنگائی بھارت اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے ، عمران خان کہا کرتے تھے کہ مہنگائی زیادہ ہو تو سمجھ جائیں کہ وزیر اعظم چور ہوتا ہے ۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ حکومت جاتے ہوئے آئی ایم ایف سے ڈیل توڑ رہی ہے ، حکومت نے آئی ایم ایف کی اجازت کے بغیر ایمنسٹی دی ، اس کے فیٹف پر اثرات پڑیں گے ۔عمران خان معیشت کو ایسا کر کے جا رہے ہیں کہ ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔