امریکی پابندیاں دھری رہ گئیں، بھارت کا روس سے رعایتی قیمت پر تیل خریدنے کا فیصلہ، تجارت  ڈالر کی بجائے مقامی کرنسی میں ہوگی، بڑا دعویٰ

امریکی پابندیاں دھری رہ گئیں، بھارت کا روس سے رعایتی قیمت پر تیل خریدنے کا ...
امریکی پابندیاں دھری رہ گئیں، بھارت کا روس سے رعایتی قیمت پر تیل خریدنے کا فیصلہ، تجارت  ڈالر کی بجائے مقامی کرنسی میں ہوگی، بڑا دعویٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے روس کی اس پیشکش پر غور شروع کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ رعایتی قیمت پر کروڈ آئل اور دیگر چیزیں  فروخت کرنے کیلئے تیار ہے اور یہ لین دین امریکی ڈالر کی بجائے مقامی کرنسی بھارتی روپے اور روسی روبیل میں ہوگا۔
خلیج ٹائمز نے خبر ایجنسی روئٹرز کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارت اپنی ضرورت کا 80 فیصد تیل درآمد کرتا ہے جس میں روس کا حصہ دو سے تین فیصد ہے۔ رواں سال تیل کی قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کے بعد بھارت نے روس کے تیل کی  درآمدات  کا حصہ بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے تاکہ اپنا درآمدی بل کم کیا جاسکے۔
بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار کے مطابق روس نے بہت بڑی رعایت پر اپنا تیل اور دیگر اشیا فروخت کرنے کی پیشکش کی ہے، بھارت کو یہ پیشکش قبول کرنے میں خوشی ہوگی لیکن اس پر عملدرآمد میں ابھی انشورنس، ٹینکر اور آئل بلینڈز جیسے مسائل درپیش ہیں۔
بھارتی عہدیدار کا کہنا ہے اگرچہ روس پر عالمی پابندیاں عائد ہیں لیکن یہ بھارت کو اس سے تیل  خریدنے سے نہیں روکتیں، دونوں ملکوں کے درمیان مقامی کرنسی میں تجارت کے حوالے سے   بات چیت جاری ہے۔ بھارتی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ کتنا تیل خریدا جائے گا یا  روس اس پر کتنی رعایت  دے گا۔ بھارت کی وزارت خزانہ نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔