عمران خان کی گرفتاری کا معاملہ، لاہور پولیس کا اسلام آباد پولیس کی معاونت کرنے کافیصلہ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں اسلام آباد اور لاہور پولیس کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور پولیس عمران خان کی گرفتاری میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی،جہاں لاہور اور اسلام آباد پولیس کے افسران کا اجلاس کئی گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد سے آنے والی پولیس ٹیم کی مکمل معاونت کی جائےگی،لاہور پولیس، اسلام آباد پولیس ٹیم کو عمران خان کی رہائش گاہ تک رسائی دینے میں تعاون کرے گی، اسلام آباد پولیس زمان پارک جانے سے پہلے عمران خان کے چیف سکیورٹی افسرسے بھی رابطہ کرے گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں29 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے،جبکہ اسلام آباد کی دوسری عدالت نے ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود آج توشہ خانہ کیس میں پیش نہ ہونے پرعمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔