فن لینڈ،پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کیلئے کانفرنس
لاہور(پ ر)فن لینڈ پاکستان بزنس کونسل (ایف پی بی سی) کے زیر اہتمام فن لینڈ پاکستان بزنس سمٹ 2023ء کے دسویں ایڈیشن کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا۔ اس سمٹ میں بنیادی طور پر توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ ترقی کے لئے شراکت داری اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دیا جاسکے۔سمٹ کا افتتاح پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر جناب، ہنو ریپٹی نے کیا،جبکہ پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 'پاکستان میں توانائی کے منظرنامے کا مستقبل' کے عنوان سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ فن لینڈ کی 20 سے زائد کمپنیوں، جن میں اکثریت توانائی اور تعلیم کے شعبوں سے تعلق رکھتی ہے، نے سمٹ میں شرکت کی، جس میں پاکستان کے ممتاز کاروباری اداروں کے مالکان، کاروباری نمائندوں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز نے بھی شرکت کی۔سمٹ بنیادی طور پر ایک نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے جس نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔ کونسل کی کاوشوں کی بدولت کاروباری مواقع تلاش کرنے، مہارتوں کا تبادلہ کرنے اور پاکستانی کاروباری اداروں کو فن لینڈ کے ذریعے یورپی یونین اور نارڈک خطے میں وسیع مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔سمٹ میں مقررین اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو قابل تجدید توانائی پر انحصار بڑھانے اور سماجی و اقتصادی کامیابی کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور صنفی مساوات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے فن لینڈ کے ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان کو اپنے توانائی اور دیگر اہم کاروباری شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے ریگولیٹری نظام کو از سر نو ترتیب دے کر سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجیز اور تکنیکی مہارت کی مستقل منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔