بزنس سیکٹرکو ریلیف کی فراہمی انتہائی ناگزیر ہے،امجد چوہدری
لاہور(سٹی رپورٹر) چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ و صدر لاہور سمال چیمبر آف کامرس اینڈ سمال انڈسٹری محمد امجد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں منافع بخش اعشاریئے پیدا کرنے کیلئے بزنس سیکٹر کو ریلیف کی فراہمی انتہائی ناگزیر ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت اور معاشی بدحالی کی بنیادی وجہ کاروباری طبقے کے نامساعد حالات ہیں۔ حکومت بنیادی ضروریات زندگی میں عوام کو ریلیف دے اور اشیائے خوردونوش اور خام مال کی قیمتوں کو نیچے لے کر آئے۔ بے رحم مہنگائی کی لہر اور ظالمانہ ٹیکس کی شرح سے کاروباری طبقے کیلئے بزنس سرکل کو رواں رکھنا مشکل بن چکا ہے۔ کاروباری حالات کو بہتری کی طرف لانے کیلئے ضروریات زندگی کی قیمتوں میں حالات کے متقاضی کمی کی جائے۔ کاروباری مراکز خوشحال ہونے ٹیکسوں کی شرح کم ہونے سے ہی عوام کے طرز زندگی میں بتدریج بہتری آسکتی ہے۔ حکومت بازاروں مارکیٹوں سے جڑے لاکھوں خاندانوں کی مشکلات کا ادراک کرے۔ دکانوں پلازوں مارکیٹوں میں ہزاروں ملازمین لوڈر مزدور دیہاڑی دار شدید اذیت سے گزر رہے ہیں۔ کاروبار چلنے سے ہی بتدریج تمام طبقات تک مثبت اور بہتر اثرات پہنچ سکتے ہیں۔