آئی ٹی ، نوجوانوں کی فکری ترقی پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت : عارف علوی
اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہواوے کے عالمی آئی سی ٹی کے مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے بھاگ چند میگھوار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آئی ٹی اور اپنے نوجوانوں کی فکری ترقی پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے ہواوے کے عالمی آئی سی ٹی کے مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے بھاگ چند میگھوار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھاگ چند میگھوار پاکستانی نوجوانوں کےلئے مثال ہیں اوروہ میری اس رائے کی توثیق کرتے ہیں کہ آئی ٹی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا تیز ترین، آسان ترین اور مختصر ترین راستہ ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت نے وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات کا دائرہ کار بڑھا نے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیکس معاملات میں حکام کی بدانتظامی کےخلاف فوری انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے ۔ صدر مملکت نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی محتسب نے صدر مملکت کو سال 2022 کی رپورٹ پیش کی اس موقع پر صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ٹی او کوسال 2022 کے دوران 7000شکایات موصول ہوئیں ، 2021 میں 2816 شکایات موصول ہوئیں،سال 2022 کے دوران7000 میں سے 6500شکایات کا ازالہ کیا گیا ،ٹیکس محتسب نے 7 ارب روپے کے ریفنڈ کلیمز کی رقم ایف بی آر سے ٹیکس دہندگان کو ادا کروائی۔ایف ٹی او کے 78 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد ہو چکا ،روزانہ کی بنیاد پر فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی جارہی ہے ،وفاقی ٹیکسوں سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات سے نمٹنے کے لیے ایف ٹی او سیکرٹریٹ میں ایک اوورسیز پاکستانیز شکایات ازالہ سیل قائم کیا گیا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز/ٹیکس سے متعلق تمام خدمات کے حصول کیلئے ٹیکس دہندگان کے لیے سہولت ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی اداروں کے اعزازی کوآرڈنیٹرز کو ہیڈ کوارٹر اور علاقائی دفاتر میں متعین کیا گیا ہے ۔ سال 2022 کے دوران 88 سے زائد آگاہی سیشنز کیے گئے ۔ملک بھر میں وفاقی ٹیکس محتسب کی رسائی بڑھانے کیلئے ایک رابطہ مہم چلائی گئی۔ صدر نے وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے رسائی بڑھانے اورٹیکس دہندگان کو ریلیف پہنچانے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات کا دائرہ کار بڑھا نے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیکس معاملات میں حکام کی بدانتظامی کےخلاف فوری انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے ۔
عارف علوی