پنجابی ثقافت تہذیب اتحاد ‘انسانی احترام کی عکاسی کرتی ہے، عامر میر
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں شامل ہے جس میں محبت اور احترام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے جبکہ پنجابی ثقافت اس گلدستے میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ پنجاب کی ثقافت، تہوار، کھانے، ملبوسات اور قدیم مقامات اپنے اندر ہزاروں رنگ سموئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش نصیب خطہ ہزاروں سال پرانی تہذیب کا وارث ہے۔ پنجاب کی ثقافت دلکش ثقافتی رنگوں کا امتزاج ہے اور حضرت علی ہجویری، بابا فرید الدین گنج شکر، سلطان باہو، بلھے شاہ، جیسے عظیم صوفیا کرام کی محبتوں سے مالا مال ہے پنجاب ثقافتی دیہاڑ پر صوبے کے تمام صحرائی ،میدانی، پہاڑی علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے مرکزی تقریب الحمراء لاہور میں ہو گی جس میں ثقافتی ویلیج، کلچرل شو، ثقافتی سٹالز، لڈی، بھنگڑا اور دیگر تقریبات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ پنجاب کلچر ڈے کوکسی ایک علاقے یا شہر تک محدود نہیں کیا گیا بلکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر کلچر ڈے کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں پنجاب کی ثقافت کے تمام رنگ نمایاں ہیں۔ عامر میر نے کہا کہ ان تقریبات میں مرد حضرات کے ساتھ خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے گی دن کی مناسبت سے ایک خصوصی لوگو تیار کیا گیا ہے جس میں مرد کے ساتھ خاتون کا سکیچ بھی شامل کیا گیا ہے پنجابی ثقافت پنجاب کی انسان دوست روایات کو آگے بڑھانے کا نام ہے۔ پنجابی ثقافت تہذیب اتحاد، محبت اور انسانی احترام کی عکاسی کرتی ہے۔
عامر میر