پنجاب،خیبر پختونخوا کے انتخابات،نواز شریف نے میدان میں اترنے کا گرین سگنل دیدیا

  پنجاب،خیبر پختونخوا کے انتخابات،نواز شریف نے میدان میں اترنے کا گرین سگنل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور (جاویداقبال)قائد مسلم لیگ(ن) نواز شریف نے پارٹی کو پنجاب اورخیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات لڑنے کی منظوری دیدی، جس کی تصدیق نون لیگ کے ذمہ دار ذرائع نے کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو پنجاب اور کے پی کے میں ہونیوالے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے دوستوں نے راضی کیا،اورانہیں یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ نون پنجاب میں بھاری اکثریت سے جیت سکتی ہے جبکہ کے پی کے میں بھی مسلم لیگ نون کے اتحادی امیدوار اکثریت حاصل کرنے کے قابل ہیں، انہیں بتایا گیا انتخابات سے راہ فرار ایک وقت تک کیا جاسکتا ہے زیادہ دیر ہوئی تو مسلم لیگ نون کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔جس پر نوازشریف نے پارٹی کو دونوں صوبوں میں الیکشن لڑنے کی حامی بھر لی،بعدازاں اسی فیصلے کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں تمام نشستوں سے پارٹی کے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع نے یہ بھی بتایا نواز شریف نے مریم نواز کو شہبازشریف سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی اور مل بیٹھ کر آگے بڑھنے کا مشورہ دیا،جبکہ قائد مسلم لیگ نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آرگنا ئز ر مسلم لیگ ن مریم نواز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی،یاد رہے گذشتہ دنوں چیف آرگنائزر اور وزیر اعظم میں انتخابی میدان میں جو امیدوار اتارنے کے ناموں پر اتفاق ہوا تھا اس حوالے سے مریم نواز نے اپنی سفارشات نواز شریف کو ارسال کر دی ہیں، امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری نوازشریف دیں گے،مسلم لیگ (ن) کے حتمی امیدواروں کا چناؤ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات اور انٹرویو کے بعد ہو گا، جبکہ پارلیمانی بورڈ کی صدارت بھی نواز شریف خود کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں کہا پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ میرٹ پر دیئے جانے کو یقینی بنانے بنایا جائیگا، پارٹی ٹکٹ دیتے وقت نظریاتی ورکرز کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔رابطہ میں اس بات پر دو نو ں بھائیوں میں اتفاق کیا گیا مسلم لیگ نون پنجاب میں سولو فلائٹ کو ہی ترجیح دیگی،تاہم جنوبی پنجاب میں کسی پارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑی تو اس پر غور کیا جائیگا تاہم کے پی کے میں اتحادیوں کیساتھ ملکرالیکشن میں حصہ لیا جائیگا۔
نواز گرین سگنل

مزید :

صفحہ اول -