اٹلی،تارکین وطن کی ایک اور کشتی الٹ گئی،30لاپتہ
روم(آن لا ئن) تارکین وطن کی ایک اور کشتی اٹلی کے ساحل کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں 30 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جب کہ ریسکیو اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 17 کو بچا لیا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ کے مطابق اٹلی کی سمندری سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ موسم بہت خراب تھا لیکن اس کے باوجود تارکین وطن کی کشتی لیبیا سے اٹلی کی جانب سفر کر رہی تھی۔ریسکیو اداروں کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، امدادی سرگرمیوں میں یورپی یونین کی بارڈر ایجنسی فرانٹیکس اور نجی کشتیوں سے بھی مدد لی جا رہی ہے، متاثرین کی امداد کے لیے مزید کشتیاں بھی روانہ کی جا رہی ہیں۔کشتی حادثے کے متعلق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی میڈیٹیرینا سیونگ ہیومنز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اتوار کے دن اطلاع دی تھی کہ اٹلی کی طرف جانے والی کشتی بن غازی کے شمال مغرب میں تقریباً 110 کلومیٹر کے فاصلے پر الٹ گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک اور تنظیم الارم فون نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ کشتی پر سفر کرنے والوں کی جانب سے کالز موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ہفتہ کے دن ہی حکام کو بتا دیا گیا تھا کہ کشتی پر 47 افراد سوار ہیں اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے.اطلاعات کے مطابق کشتی کو پیشٓ آنے والے حادثے سے قبل ایک مال بردار جہاز نے بھی متاثرین کی مدد کرنے کی کوشش کی لیکن خراب موسم کی وجہ سے وہ رائیگاں گئی جس کے بعد اٹلی سے مدد مانگی گئی۔
کشتی