صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن
پشاور(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا عدیل شاہ نے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات جیسے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے تیز تر کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں پہلی کاروائی سرکل آفیسر سید نوید جمال کی زیر نگرانی تھانہ ایکسائز مردان ریجن کے ایس ایچ او محمد ریاض نے بمعہ دیگر نفری نیمردان چارسدہ روڈ پر بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موٹر کار نمبری LEE 8055 سے دوران تلاشی36 کلو گرام چرس برآمد کر لی جبکہ دوسری کاروائی میں مذکورہ ایس ایچ او نے نوشہرہ رشکئی میں سوزوکی بولان گاڑی سے 36 کلو گرام منشیات برآمد کرلی، جس میں 18 کلو گرام افیون اور 18 کلو گرام چرس شامل ہیں۔ اس موقع پر ملزم سید داؤد شاہ ولد سید سفید شاہ ساکن راولپنڈی کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں دونوں کاروائیوں کے مقدمات درج کردیئے گئے ہیں۔ اسی طرح تیسری کاروائی رسول رحمان خٹک ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن بمعہ دیگر نفری نے جمیل چوک بطرف جی ٹی روڈ پر دوران ناکہ بندی گاڑی نمبری LES 4957 کو روک کر 24 کلو گرام چرس برآمد کر لی جبکہ ملزم زاہد ولد فضل واحد ساکن کالام ضلع سوات کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں تھانہ ایکسائز مردان نے صوابی کے علاقہ چھوٹا لاھور میں کاروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی و بین الاقوامی سمگلر گروہ کا اہم رکن گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم بین الاقوامی سمگلنگ اور بین الاضلاعی سمگلنگ میں تھانہ ایکسائز مردان کو مطلوب تھا۔ ملزم کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع پر صوابی میں چھاپہ مارا گیا اور ملزم کوگرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے چار افراد کو سمگلنگ کی غرض سے بیرون ملک بھیجنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ سیکرٹری ایکسائز عدیل شاہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ظفر الاسلام خٹک نے متعلقہ عملے کی حالیہ کامیاب کاروائیوں کو سراہا۔