ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن‘ کارروائی نہ کرنے پر احتجاج کی دھمکی دیدی 

ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن‘ کارروائی نہ کرنے پر احتجاج کی دھمکی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور نے آئس نشے اور منشیات فروشی کیخلاف مہم کا آغاز کردیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ائس نشے اور منشیات فروشی کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے پشاور پریس کلب میں ضلعی صدر انجنئیر ذیشان اسلم نے ضلعی سیکرٹری اطلاعات عاطف خٹک، ڈپٹی جنرل سیکرٹری واحدگل اور دیگر ضلعی ذمہ داران اور کارکنان کے  ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں منشیات کی شرح 46 فیصد ہے جس میں آئس نشے کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے جوکہ دیگر صوبوں کے دارالخلافوں کی بہ نسبت زیادہ ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر مہم کا آغاز کر رہی ہے جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ آئس نشے سے نوجوانوں کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے باعث نوجوان سٹریٹ کرائمز میں ملوث ہونے جارہے ہیں۔ ضلعی صدر انجنئیر ذیشان اسلم نے ایک ہفتے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے موثر اقدامات کرے بصورت دیگر جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور کے نوجوان سڑکوں پر نکل کر بھرپور آواز بلند کریں گے تاکہ عوام کو اس ناسور سے چھٹکارا حاصل ہوسکے اور نوجوانوں کی زندگی کو بچایا جاسکے۔  انہوں نے کہا کہ تعلیمی  اداروں میں منشیات فروشی کا بازار گرم ہے جوکہ المیہ ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پشاور کی سب سے بڑی سرکاری یونیورسٹی میں نوجوان طلبہ و طالبات امتحانات کے دوران ذہنی تناؤ کم کرنے کے بہانے آئس نشے کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ضلعی انتظامیہ فی الفور اقدامات اٹھائے۔