عمران خان 18 مارچ کو طلب، توشہ خانہ کیس ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ عمران خان کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے 7 مارچ کو طلب کیا گیا تھا، ان کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کیلئے دائر کردہ درخواست 6 مارچ کو مسترد کر دی تھی، عمران خان کی وارنٹ گرفتاری پر اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ نے نمٹا دی تھی۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چیئرمین تحریک انصاف کو سیشن عدالت میں پیش ہونےکا موقع دینا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے وارنٹ 13 مارچ تک منسوخ کیے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو سیشن عدالت میں 13 مارچ کو پیش ہونےکا حکم دیا تھا مگر وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے، سیشن عدالت عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رہی ہے، عمران خان18 مارچ کو ہر صورت عدالت میں حاضر ہوں۔